گروگرام،3؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رہنما ملائم سنگھ یادو کی صحت اتوار کو خراب ہوگئی اور انہیں گروگرام کے میڈانتا اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا۔ 82 سالہ ایس پی لیڈر کئی دنوں سے داخل تھے لیکن اتوار کو ان کی حالت بگڑنے پر انہیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر اکھلیش یادو اپنے والد کی صحت کی خبر ملتے ہی لکھنؤ سے دہلی روانہ ہو گئے۔
ملائم سنگھ کو نیتا جی کہتے ہیں- سماج وادی پارٹی کی بنیاد رکھی۔ وہ فی الحال لوک سبھا میں مین پوری حلقہ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس سے قبل سماج وادی پارٹی کے سرپرست کی اہلیہ سادھنا گپتا کا اس سال جولائی میں انتقال ہوگیا تھا۔
وہ پھیپھڑوں میں انفیکشن کی وجہ سے گروگرام کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ سادھنا گپتا ملائم سنگھ یادو کی دوسری بیوی تھیں۔ ان کی پہلی بیوی مالتی دیوی کا 2003 میں انتقال ہو گیا۔ مالتی دیوی اکھلیش یادو کی ماں تھیں۔